ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / لاٹھی چارج کے ذمہ دار افسران کو معطل کیاجائے: رعیت سنگھا

لاٹھی چارج کے ذمہ دار افسران کو معطل کیاجائے: رعیت سنگھا

Tue, 02 Aug 2016 11:55:52    S.O. News Service

بنگلورو۔یکم اگست(عبد الحلیم منصور/ایس او نیوز) کرناٹکا راجیہ رعیت سنگھا کے لیڈر کوڈی ہلی چندر شیکھر نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ نرگند تعلقہ کے یمنور اور دیگر مقامات پر کرناٹک بند کے دوران پولیس جوانوں نے عورتوں ، بچوں اور بوڑھوں پر جو زیادتیاں کی ہیں ان تمام پولیس جوانوں اور افسران کو بلاتاخیر معطل کیاجائے اور اس طرح کے ظلم ڈھانے کیلئے کس نے حکم دیاتھا وزیر داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشور اس کا نام ظاہر کریں۔ آج ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس حرکت کیلئے ذمہ دار انسپکٹر کو معطل کرکے ڈی وائی ایس پی کا تبادلہ کردینا کافی نہیں ہے، بلکہ اس کیلئے ذمہ دار اعلیٰ افسران کے خلاف بھی کارروائی کی جائے اور معاملے کی عدالتی جانچ کے احکامات صادر کئے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ ان سارے واقعات کیلئے اعلیٰ پولیس افسران کمل پنت اور بھاسکر راؤ ذمہ دار ہیں، پہلے ان لوگوں کو معطل کیا جائے ۔ 5 اگست سے پہلے اس معاملے کی عدالتی جانچ کے احکامات صادر کئے جائیں ۔ گرفتار کرکے جن کسانوں کو جیل بھیجا گیا ہے فوراً ان کی رہائی کا حکم دیا جائے۔و رنہ وزیر داخلہ کی رہائش گاہ کے روبرو احتجاجی دھرنا شروع کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ رعیت سنگھا کی طرف سے کئے گئے ان جائز مطالبات کو اگر منظور نہیں کیاگیا تو ٹپٹور سے بنگلور تک پدیاترا کی جائے گی اور یوم آزادی کے کے موقع پرریاست کے رعیت یوم سیاہ منائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ریاست میں ایسی صورتحال پیدا کی جائے گی کہ دوبارہ 20 سال تک کانگریس اقتدار پر آنے کے بارے میں سوچ بھی نہیں پائے گی ، اور اس کیلئے وزیر داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشور ذمہ دار ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ یمنور اور الگواڈا دیہاتوں میں پولیس نے جس طرح خواتین ، بچوں اور معمر افراد کو چن چن کر نشانہ بنایا ہے اس حرکت کو انسانیت کے زمرہ سے باہر ہی دیکھا جانا چاہئے۔ 


Share: